ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کارکلا : بے نامی زمین خریدی معاملے میں بی جے پی وزیر کے خلاف پرمود متالک نے لوک آیوکتہ کے پاس درج کروائی شکایت 

کارکلا : بے نامی زمین خریدی معاملے میں بی جے پی وزیر کے خلاف پرمود متالک نے لوک آیوکتہ کے پاس درج کروائی شکایت 

Fri, 03 Mar 2023 19:46:51    S.O. News Service

کارکلا،3/ مارچ (ایس او نیوز) ہیبری ودھان سبھا حلقہ کے شیوپور گاوں میں ہوئی بے نامی زمین خریدی معاملہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے سری رام سینا چیف پرمود متالک نے ایک وفد کی شکل میں اُڈپی لوک آیوکتہ دفتر پہنچ کر ڈی وائی ایس پی کے سی پرکاش کو اپنی تحریری شکایت سونپی ۔ 
    
پرمود متالک کا کہنا ہے کہ شیوپور گاوں میں گجانن اور ودیا سوورنا کے نام پر 4.15 کروڑ روپے لاگت کی 67.94 ایکڑ زمین خریدی گئی ہے ۔ لیکن گجانن اور ودیا دونوں بی جے پی کے محض عام کارکنان ہیں ۔ ان کا کوئی کام دھندا نہیں ہے ۔ ان کی آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ہے ۔ ایسی صورت میں وہ کروڑوں روپے لاگت کی زمین کس طرح خرید سکتے ہیں ۔ 
    
انہوں نے بتایا کہ اصل میں زمین کی اس خریداری کےپیچھے بی جے پی کے ایک بااثر وزیر کا ہاتھ  ہے ۔ منصوبہ بند طریقے سے 53 کسانوں کی زمین بہت کم قیمت پر زبردستی خریدتے ہوئے انہیں دھوکہ دیا گیا ہے ۔ کیونکہ اب اس علاقے کو انڈسٹریل علاقہ قرار دے کر یہی زمین حکومت کو مھنگے داموں پر فروخت  کرتے ہوئے زبردست کمائی کرنے کا پلان بنایا گیا ہے ۔ 
    
متالک نے مزید بتایا کہ اس معاملے کی پشت پر جس بااثر وزیر کا ہاتھ ہے اس کا ایک قریبی رشتہ دار وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کا پرسنل اسسٹنٹ ہے ۔ لہٰذا اس معاملے کے تار وزیر اعلیٰ سے ملتے نظر آ رہے ہیں اور الزام کی زد میں وہ بھی آ رہے ہیں ۔ لہٰذا وزیر اعلیٰ کو اس ضمن میں وضاحت کرنا چاہیے ۔ اس معاملہ کے پیچھے کس کا ہاتھ ہے اس بات کی پوری تحقیق ہونی چاہیے۔

سری رام سینا چیف نے کہا : اس تعلق سے ایک روز قبل ہم نے ضلع ڈپٹی کمشنر کو اپنی شکایت دی تھی اور اب لوک آیوکتہ کے پاس شکایت درج کروائی گئی ہے ۔  وزیر اعلیٰ کہتے ہیں کہ وزیروں کے خلاف کسی بھی قسم کی بدعنوانی کا الزام ہو تو ثبوتوں کے ساتھ لوک آیوکتہ کے پاس شکایت درج کرو ۔ ہم نے اب یہی کام کیا ہے ۔ پوری تفتیش کی جائے اور اس معاملہ میں شامل با اثر وزیر کے بارے میں تفصیلات سامنے لائی جائے ۔ قصور واروں کو سخت سزا دی جائے۔


Share: